اسلام آباد ۔ (اے پی پی) مکہ مکرمہ میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے 14ویں سربراہ اجلاس میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیاگیا ہے ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سربراہی اجلاس کے اعلامیے میں کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی 2018ء کی رپورٹ کا حوالے دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام فوری طور پرایک تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے اور بھارت کو کمیشن اور دیگر عالمی اداروں کو مقبوضہ علاقے میں جانے کی اجازت دینے پر زوردیا گیاہے۔ اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزاتی کونسل کے اجلاسوں میں منظور کی گئی قراردادوں کی بھی توثیق کی گئی۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک پریس ریلیز کے مطابق رواں سال فروری میں تنظیم کے وزاتی کونسل کے اجلاس نے پاکستان کی طرف سے جموں وکشمیر اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے حوالے سے پیش کی گئی قراردادیں منظور کی تھیں۔کانفرنس نے سعودی عرب کے یوسف الدوبے کو جموں وکشمیر کے بارے میں اوا ٓئی سی کا خصوصی نمائندہ مقررکیا جس سے مسئلہ کشمیر پر تنظیم کی خصوصی توجہ کا اظہار ہوتا ہے۔سربراہ اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کو بھی سراہا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کیاگیا ہے۔پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال، فلسطین اور اسلامو فوبیا کے بارے میں پاکستان کا نکتہ نظر پیش کیا اورمسلم ممالک میں سائنس وٹیکنالوجی کو اپنانے کی ضروت پرزوردیا۔