انکوائری کمیشن

وزیر اعظم سے بابر اعوان کی ملاقات ، انکوائری کمیشن کی تشکیل سے متعلق آئینی وقانونی امور پرمشاورت

اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قرضوں سے آزاد ہوگئے تو ملکی ترقی کا سفر کوئی نہیں روک سکے گا،انکوائری کمیشن کو مکمل اختیارات دئیے جائیں گے، فیکٹ فائنڈنگ کے بعدقوم کے مجرموں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائےگا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے بابر اعوان نے ملاات کی جس میں انکوائری کمیشن کی تشکیل سے متعلق آئینی وقانونی امور پرمشاورت کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں احتساب کاعمل مزید موثر بنا رہے ہیں، انکوائری کمیشن کو مکمل اختیارات دئیے جائیں گے، فیکٹ فائنڈنگ کے بعدقوم کے مجرموں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا.وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا معاشی استحکام پہلی اورآخری ترجیح ہے، ملک کو قرض کی دلدل میں دھکیلنے والوں سے تحقیقات قومی تقاضا ہے، انکوائری کمیشن اپنی طرز کا پہلا بامقصد کمیشن ہوگا۔اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ انکوائری کمیشن کے تشکیل کے فیصلے کوعوامی سطح پربے حد پذیرائی ملی، عوام کو بتانا ہوگا کہ ان کے نام پرلیا گیا اربوں ڈالرکا قرض کہاں گیا؟بابر اعوان نے کہا کہ قرض کھانے والے منی لانڈرنگ کرتے رہے قوم غریب ہوتی گئی، قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والوں کا احتساب ناگزیر ہے، احتساب کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں سے سختی سے نمٹنا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ احتساب ادارے کرتے ہیں،اصلاحات کرناحکومت کاکام ہے جس پر وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پرکوئی سمجھوتا نہیں کرےگی۔