لاہور( این این آئی )پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب) کے چےئرمین حبیب الرحمن خان لغار ی نے کہا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 1400 رو پے سے تجاوز کر گئی ہے،پنجاب حکومت فوری طور پر فلور ملز کو سرکاری گندم جاری کرے وگرنہ 20کلو گرام آٹے کی قیمت 800 روپے ہوگی۔ ےہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی۔ حبیب الرحمن خان لغاری نے کہا کہ اگر فلور ملز اوپن مارکیٹ سے مہنگی گندم خریدیں گی تو آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ سمجھ سے باہر ہے کہ حکومت اب تک کیوں خاموش بیٹھی ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جب گندم 1300 روپے فی من تھی اس وقت 20 کلو گرام آٹے کا تھیلا ریٹیل میں760 روپے کا تھا تاہم جب گندم 1300 روپے فی من بمعہ باردانہ ہوئی تو 20 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی ریٹیل قیمت 785 روپے مقرر کر دی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہےے کہ فوری طور پر فلور ملز کو سرکاری گندم کا کوٹہ جاری کرے تاکہ آٹے کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکا جا سکے ۔فلو ر ملز کو سرکاری گندم کا کوٹہ جاری کرنے میں مزید تاخیر سے اوپن مارکیٹ سے خریدی ہوئی گندم سے تیار ہونے والے آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت جس ریٹ پر فلور ملز کو گندم جاری کرے گی آٹے کا ریٹ بھی اسی کے مطابق ہوگا۔