خیبر پختونخواہ کے شہر کرک میں قیامت صغریٰ 14 افراد زندہ جل گئے۔

کرک : ہائی ایس اور ڈبل کیبن ڈالے میں خوفناک حادثہ، ہائی ایس کو آگ لگ گئی، 14 مسافر زندہ جل گئے، 4 افراد شدید زخمی، اسپتال منتقل، بروقت امدادی کارروائی نہ ملنے پر مقامی افراد کا ضلعی انتظامیہ کے احتجاج، روڈ بند کر دی، جاں بحق متعدد افراد کی شناخت مشکل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق انڈس ہائی وے پر نبی خوا کے مقام پر پشاور سے ڈیرہ اسمعیل خان جانے والی ہائی ایس کا مخالف سمت سے آنے والے ڈبل کیبن ڈالے سے ٹکر ہو گئی، حادثے کے باعث ہائی ایس میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ہائی ایس کے دروازے اور شیشے بند ہونے کی وجہ سے ڈرائیور کے علاوہ کوئی بھی مسافر ہائی ایس میں سے نکل نہ سکا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد جمع ہو گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے اور ہائی ایس میں موجود لاشوں کی نکالنے کی کوشش کی، آگ میں شدت اور امدادی کارروائیوں میں تاخیر کے باعث زیادہ تر لاشیں جل کر کوئلہ ہو چکی تھیں جن کی شناخت بھی مشکل ہو گئی ہے، پولیس ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ ضعلی انتظامیہ کی طرف سے امدادی کارروائیوں میں تاخیر کے باعث مقامی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے روڈ کو کچھ دیر کے لیے بند کر دیا۔ انتظامیہ کے مطابق ہائی ایس میں آگ گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی، حادثے میں 14 افراد زندہ جل گئے جبکہ ڈبل کیبن میں سوار چار افراد شدید زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیئے گئے۔ حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ متعدد لاشوں کی شناخت میں مشکل پیش آ رہی ہے