بہاولپور(صباح نیوز) بہاولپور کے قریب دریائے ستلج بپھر گیا، ڈیرہ بکھا کے قریب حفاظتی بند ٹوٹنے سے فصلیں زیرآب آ گئیں۔ سیلابی پانی آباد ی میں داخل ہو گیا، ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر کٹا ﺅسے دھان اور کپاس کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔
دریا بپھرنے لگے، کئی مقامات پر سیلابی صورتحال کے بعد لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے، بہاولپور کے قریب دریائے ستلج میں بھی پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہو گیا۔ ڈیرہ بکھا کے علاقے میں قائم حفاظتی بند ٹوٹ گیا جس سے پانی آبادی میں داخل ہو گیا اور سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی بھی زیرآب آ گئی۔
انتظامیہ کی جانب سے قائم کیے گئے ریلیف کیمپ میں کوئی بھی موجود نہیں، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت انتظامات کر رہے ہیں۔ ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا، کٹا سے دھان اور کپاس کی فصلیں تباہ، مزید کئی علاقے بھی زیر آب آنے کا خدشہ بڑھ گیا، گیمبر کے علاقے پوران، اٹاری، نامہ جندیکا میں پولیس نے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
دریائے ستلج بپھرا پانی بورے والا کے متعدد دیہات میں بھی داخل ہو گیا، ساہوکا، فاروق آباد اور جھیڈو میں سیلابی پانی سے فصلیں زیر آب آئیں۔ متاثرین کی جانب سے نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔