لاہور:پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔باغوں کے شہر لاہور میں صبح سویرے برسنے والے بادلوں اور تیز بارش سے موسم تبدیل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ مختلف شہروں میں ہونے والی رم جھم سے خنکی بڑھ گئی۔ راولپنڈی، اسلام آباد سمیت شمالی پنجاب اور گوجرانوالہ ڈویژن میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔ جبکہ سرگودھا، فیصل آباد اور بہاولپور ڈویژن میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ملک کے دوسرے حصوں میں مجموعی طور پر موسم سرد اور خشک رہےگا۔ اس سے قبل صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز سے ہی بادلوں کا راج تھا اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہیں تھیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے کم درجہ حرارت بگروٹ میں منفی 7ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسکردو میں منفی 4، لاہور میں کم سے کم دجہ حرارت 9اورفیصل آبادمیں 8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
Load/Hide Comments