ممبئی( لاہور نامہ ) بالی وڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کی دوپہر ایک بجے کے قریب بھارتی شہر ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی تھی۔
پولیس نے اطلاع پر جائے وقوع کا جائزہ لینے کے بعد ہی بتایا تھا کہ اداکار نے خودکشی کی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔سشانت سنگھ راجپوت نے ممبئی کے پرتعیش علاقے ویسٹ باندرا میں اپنے فلیٹ میں دوستوں اور ملازمین کی موجودگی میں اپنے کمرے کا دروازہ بند کرکے خودکشی کی تھی۔
ان کے ساتھ فلیٹ میں موجود افراد نے بتایا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کی صبح 10 بجے اٹھے اور جوس پینے کے بعد واپس اپنے کمرے میں چلے گئے اور دروازہ اندر سے بند کرلیا۔انہوں نے بتایا کہ جب 12 بجے تک اداکار باہر نہیں آئے تو انہوں نے ان کا دروازہ بجایا مگر دروازہ نہ کھولنے پر انہوں نے پولیس کو بلالیا اور ساڑھے 12 سے 12 بج کر 45 منٹ کے درمیان انہوں نے دروازہ توڑا تو اداکار کو پھندے میں لٹکا ہوا پایا۔
اداکار کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بھیج دیا تھا اور رات دیر گئے ہسپتال انتظامیہ نے اداکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کردی۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی کے کوپر ہسپتال کی جانب سے جاری کی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اداکار کے موت کا سبب دم گھٹنا بتایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ پھنڈے کی وجہ سے اداکار کا دم گھٹا، جس وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔