اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس اور ڈاکٹر ظفر مرزا نے معاون خصوصی صحت کا عہدہ چھوڑ دیا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدورس نے دوہری شہریت سے متعلق تنقید کے باعث عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
تانیہ ایدورس taidrus@ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ میری شہریت کے معاملے پر ریاست پر اٹھنے والی تنقید ڈیجیٹل پاکستان کے مقصد کومتاثر کررہی ہے.
اپنی بہترین صلاحیت کے ساتھ اپنے ملک اور وزیر اعظم کے وژن کی خدمت جاری رکھوں گی.
تانیہ ایدورس نے اپنے استعفے میں لکھا کہ میں ہمیشہ پاکستانی تھی اور رہوں گی۔
ساتھ ہی تانیہ ایدورس نے لکھا کہ ان کی کینڈین شہریت، ان کی پیدائش کا نتیجہ ہے اور یہ ان کا انتخاب نہیں ہے.
جس نے ڈیجیٹل پاکستان کے لیے طویل المدتی وڑن کو عملی جامہ پہنانے میں ان کی قابلیت سے توجہ ہٹانے کا کام کیا،
یہ بدقسمتی ہے کہ کہ پاکستان کی خدمت کرنے کی پاکستانی شہری کی خواہش ایسے مسائل کے پیچھے چھپ جاتی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پوری تندہی اور ایمانداری سے کام کیا۔ پاکستان کی خدمت اعزاز کی بات ہے۔ ایسے وقت میں عہدہ چھوڑا جب کورونا کا زور کم ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ معاونین پر تنقید کے باعث مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی شہریوں کو صحت کی بہتر سہولتوں کی فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔ میں نے شعبہ صحت میں بہتری کیلئے مخلصانہ کاوشیں کیں۔