خاتون سے زیادتی

گجرپورہ موٹروے پر خاتون سے زیادتی کےخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع

لاہور(لاہورنامہ)گجرپورہ موٹروے پر خاتون سے زیادتی کےخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع،

قرارداد مسلم لیگ(ن) کی رکن حناپرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

پنجاب کا یہ مقدس ایوان لاہور کے علاقے گجرپورہ میں موٹروے پر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

درندہ صفت افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا۔

موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

متاثرہ خاتون لاہور سے گوجرانوالا جا رہی تھیں اور کار کا پیٹرول ختم ہونے پر کار موٹروے پر کھڑی تھی۔

متاثرہ خاتون نے موٹروے پولیس کو کال کی تو جواب ملا یہ علاقہ بیٹ میں نہیں ہے اور موٹر وے پولیس نہیں آئی۔

پنجاب کا یہ ایوان موٹروے اور پنجاب پولیس کے رویے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ خاتون کے ساتھ زیادتی کرنے والے افراد کو گرفتارکرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔