قائداعظم محمد علی جناح کی 72ویں برسی

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 72ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

کراچی (لاہورنامہ) بابائے قوم اورپاکستان کے پہلے گورنرجنرل قائداعظم محمد علی جناح کی 72 ویں برسی جمعہ کو عقیدت و احترام سے منائی گئی ،

برسی کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

پاک بحریہ کے بگلرز نے ماتمی دھن بجا کر عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کیا اور سلامی دی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح
بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 72ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

انہوں نے کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان سے متعلق کہا جا رہا کہ اس قوم سے کچھ سیکھا جاسکتا ہے، دنیا کی بہتر قوموں میں اپنا نام لکھوانے کیلئے پاکستانی قوم بالکل تیار ہے۔

ڈاکٹرعارف علوی نے کہا قائد کے فرمودات پر عمل کر کے ہم ہر مشکل سے عہدہ برا ہوسکتے ہیں، عالمی برادی میں اپنا مقام بنانے کیلئے ہمیں محمد علی جناح کے افکار پر عمل کرنا ہوگا۔

آج ہم سب قائداعظم کے مزار پر حاضری دینے آئے ہیں، قائداعظم کے شہر کراچی کی ترقی کیلئے سب مل کرکام کریں گے، شہر قائد کی ترقی کیلئے وفاق اور صوبائی حکومت ایک ساتھ ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج قوم عظیم قائد کو خراج تحسین پیش کررہی ہے، بابائے قوم نے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے خواب کو تعبیر دی، قائداعظم محمد علی جناح نے دو قومی نظریہ کو سچ کر دکھایا۔

گورنر سندھ نے کہاکہ بابائے قوم ایسی مملکت کے خواہشمند تھے جہاں کوئی تفریق نہ برتی جائے، وہ چاہتے تھے ہر شخص کو انصاف ملے اور تمام حقوق حاصل ہوں،

آج کا دن ہمیں قائد کی سوچ و نظریہ کو عملی جامہ پہنانے کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے،جسے قائد نے پاکستان کی شہ رگ کہا تھا، وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوگا، انشااللہ کشمیری بھائی اپنا حق خود ارادیت ضرور حاصل کریں گے۔

واضح رہے کہ قائداعظم محمد علی جناح 25سمبر1876کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم کراچی سے حاصل کی اور اعلی تعلیم کے لیے بیرون ملک چلے گئے۔قائد اعظم کی قیادت میں مسلمانوں نے الگ ملک کیلئے جدوجہد کی، قیام پاکستان کے صرف ایک سال بعد 11ستمبر1948کوجہان فانی سے رخصت ہوگئے۔