اسلام آباد (لاہورنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ،
ان کے مفادات کا بہتر تحفظ حکومت کی اہم ترجیحی ہے ،
تاجر برادری بیرون ممالک میں جوائنٹ وینچرز کے مواقعوں کی نشاندہی کرے.
حکومت ان کو عملی جامہ پہنانے میں ہر ممکن تعاون کریگی،
کرونا وائرس کے دوران تاجر برادری نے حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کیا جو قابل ستائش ہے۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سید شبلی فراز نے بدھ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کی عمارت میں ایک جدید طرز کے آڈیٹوریم کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر ساجدہ ذوالفقار ممبر قومی اسمبلی، فائونڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید ، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمن خان، خالد جاوید، عبدالرؤف عالم، زبیر احمد ملک، طارق صادق، محمد اعجاز عباسی، خالد اقبال ملک، چوہدری وحید الدین، میاں شوکت مسعود، ظفر بختاوری، ناصر قریشی، ملک سہیل حسین، خالد چوہدری اور تاجر برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وزیر اطلاعات سید شبلی فراز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ،
ان کے مفادات کا بہتر تحفظ حکومت کی اہم ترجیحی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بزنس کمیونٹی کی عزت و وقار کو فروغ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے لہٰذا اس کو پورا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دانشمندانہ فیصلوں کی وجہ سے ملک میں معاشی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔
انہوں نے اپنی نئی عمارت میں جدید طرز کا آڈیٹوریم تعمیر کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو مبارکباد پیش کی.
اور اس بات پر زور دیا کہ وفاقی وزیر خزانہ، تجارت اور کاروبار سے متعلقہ دیگر وزرا کو چاہیے کہ وہ پالیسی سازی کے دوران اس آڈیٹوریم بزنس کمیونٹی کے ساتھ مذاکرات کر کے ایسی پالیسیاں تشکیل دیں.
جو بزنس کمیونٹی کیلئے مددگار ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انڈسٹری انٹرپرنیورشپ کو فروغ دینے کی کوششوں میں آئی سی سی آئی کو سپورٹ کرے گی۔
استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ چیمبر کی نئی عمارت میں جدید طرز کا آڈیٹوریم تعمیر کرنے کا بنیادی مقصد وفاقی وزرا کو یہاں مدعو کر کے ان کے ساتھ ساتھ بجٹ سمیت کاروبار سے متعلقہ دیگر امور پر پالیسی ڈائیلاگ منعقد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کا چوتھا ستون ہے اور ملک کی معاشی ترقی میں اہم سٹیک ہولڈر ہے لہذا حکومت کو چاہیے کہ ا ن کی مشاورت کے ساتھ کاروبار سے متعلقہ پالیسیاں تشکیل دے.
جس سے ملک پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس آڈیٹوریم کے ذریعے سٹارٹ اپ بزنسز اور کمپنیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ انڈسٹری اکیڈیمیا روابط کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔
چیمبر کی کنسٹریکشن کمیٹی کے چیئرمین خالد جاوید نے اس موقع پر ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کی عمارت اور آڈیٹوریم کی تعمیر کے بارے میں ایک تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے چیمبر تمام سابق صدور کا نام لے کر ان کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے نئی عمارت اور آڈیٹوریم کی تعمیر میں اپنے اپنے دور میں مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کی عمارت اور آڈیٹوریم کی تکمیل میں مادی تعاون پر کرنے پر ڈونرز اور وینڈرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔