اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے جس علاقے نے پورے ملک کو گیس دی وہ پتھرکے دور میں ہے،
پسماندہ علاقوں کو ترجیح دینا حکومت کی ترجیح ہے۔
یونیورسل فنڈ کی جانب سے کنٹریکٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت پیچھے رہ جانے والے طبقات اور علاقوں کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے،
اس معاہدے سے تیز رفتار انٹرنیٹ سروسز سے سندھ کے گھوٹکی اور سکھر جیسے اور بلوچستان کے پسماندہ علاقے جہاں بہت غربت اور وسیع رقبہ ہے، استفادہ کرسکیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا،جدید ٹیکنالوجی ففتھ انڈسٹریل ریوولوشن میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے.
اور ہم اپنے نوجوانوں کو علم اور ہنر سے آراستہ کرنے کے لیے دور دراز علاقوں میں آن لائن تعلیمی نظام متعارف کراسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل پاکستان ہمارا مستقبل ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے پر کنٹریکٹ دے کر ہم اپنی برآمدات میں اضافہ کرسکتے ہیں،
انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ پسماندہ اور دوردراز علاقوں کے لیے مواقع پیدا کرسکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی صرف 25، 26 ارب ڈالر کی برآمدت کچھ بھی نہیں،
1960کی دہائی میں پاکستان دوسروں کے لیے ترقی میں رول ماڈل تھا، ڈیجیٹل پاکستان ملک کا مستقبل ہے، ہم نے ابھی بہت کام کرنا ہے۔