لاہور (لاہورنامہ)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے پاکستان فٹ وئیر مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد عمران ملک کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔
سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات کے دوران فٹ وئیر سیکٹر کو درپیش مسائل اور فٹ وئیر کی برآمدات بڑھانے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فٹ وئیر روز گار کی فراہمی کابڑاسیکٹر ہے اوراس سیکٹر کودرپیش تمام مسائل حل کریں گے،
وفاق سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر مناسب جگہ پر فٹ وئیر پارک بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا جائیگا۔
صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ہدایت کی کہ فٹ وئیر سیکٹر کے فروغ کے لئے فٹ وئیر پالیسی تشکیل دی جائے.
اور تمام اضلاع میں فٹ وئیرسیکٹر کے تمام چھوٹے بڑے یونٹس کی میپنگ کی جائے اور میپنگ کا کام ایک ماہ میں مکمل کیا جائے، ٹیوٹا سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فٹ وئیر کے حوالے سے جدید کورس تیار کرے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ فٹ وئیر سیکٹر کی برآمدات بڑھانے کی بڑی گنجائش ہے، اس کا پورا فائدہ اٹھا یا جائے –
وفد کے سربراہ عمران ملک نے کہا کہ فٹ وئیر سیکٹر کو نظر انداز کیا جاتا رہا، حکومت تعاون کرے تو یہ بڑا برآمدی سیکٹر بن سکتا ہے۔
انہوں نے فٹ وئیر سیکٹر کو درپیش مسائل اور برآمدات بڑھانے کے لئے مختلف تجاویز بھی دیں،
وفد میں فٹ وئیر مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین محمد مہر علی، وائس چیئرمین محمد زبیر، سیکرٹری جنرل اور دیگر شامل تھے۔
ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت،چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔