اسلام آباد (لاہور نامہ)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں،
مذاکرات اور سیاسی تصفیہ ہی افغان تنازعے کا واحد حل ہے،افغانستان میں امن اور استحکام کا سب سے بڑا خواہشمند افغان عوام کے بعد پاکستان ہے ، پاکستان افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم عمران خان سے حزب وحدت اسلامی افغانستان کے چیئرمین استادکریم خلیلی نے ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں کی طرف سے افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کیساتھ تعلقات مضبوط کرناچاہتا ہے، افغانستان کے ساتھ تجارتی، معاشی اور عوام کی سطح پر تعلقات مضبوط کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان میں تنازعے کے باعث افغان عوام نے بہت تکالیف برداشت کیں، افغانستان میں امن اور استحکام کا سب سے بڑا خواہشمند افغان عوام کے بعد پاکستان ہے اور پاکستان افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔