آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت لاہور پولیس کے پیشہ ورانہ امور کے بارے اہم اجلاس

لاہور (لاہور نامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ معاشرے سے بدمعاشوں،قبضہ گروپوں اور سماج دشمن عناصرکا خاتمہ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہئیے .

اور اس سلسلے میں کمانڈ افسران ذاتی نگرانی میں ماڈرن کمیونٹی پولیسنگ، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کی بدولت بروقت اقدامات کویقینی بنائیں.

تاکہ نہ صرف عوام کی جان و مال کے دشمن جرائم پیشہ عناصر کو قلع قمع کا عمل مزید تیز ہو اوربلکہ سروس ڈلیوری میں بہتری سے شہریوں کیلئے مددگار فورس کے طور پرپنجاب پولیس کا تشخص مضبوط سے مضبوط تر ہو۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس میں لاہور پولیس کو کلیدی مقام اور حیثیت حاصل ہے لہذا لاہور پولیس کی نئی قیادت سنگین جرائم کے ساتھ ساتھ سٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کرے.

جبکہ سروس ڈلیوری کے عمل میں مزید بہتری کیلئے مانیٹرنگ اور انسپکشن کے عمل پر بطور خاص توجہ دی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ شہر کے کرائم ہاٹ سپاٹ ایریاز کی نشاندہی کرتے ہوئے ان علاقوں میں ڈولفن، پیرو اور دیگر فورسز کے پٹرولنگ پلان کو مزید موثر بناتے ہوئے گشت کے اوقات کار کو بڑھایا جائے .

جبکہ کرائم پاکٹس میں پیک کرائم ٹائم کے دوران سرکل افسران خود فیلڈ میں نکل کر پٹرولنگ پلان اور صورتحال کا جائزہ لیں اوررسپانس ریٹ کو بہتر سے بہتر بناتے ہوئے مجرمان کی کارائیوں کا سد باب کیا جائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ جرائم کی روک تھام اور ملزمان کو پابند سلاسل کرنے میں انویسٹی گیشن کے معیار میں بہتری کو بنیادی حیثیت حاصل ہے لہذا تفتیشی افسران کو ہر ممکن وسائل کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انکی کارکردگی کو بطور خاص مانیٹر کیا جائے.

اور سرکل افسران ہفتہ وار بنیادوں پر کیسز کی پراگریس رپورٹس کی مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے اور نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیس ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز شروع کریں.

اور بڑے منشیات فروشوں کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ بالخصوص تعلیمی اداروں اور سٹوڈنٹ ہاسٹلز کے ارد گرد علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائے .

تاکہ نوجوان نسل کو آئس سمیت دیگر فیشن ایبل ڈرگز کی جانب راغب کرنے اور سپلائی دینے والے معاشرتی ناسوروں کا قلع قمع کرتے ہوئے انہیں پابند سلاسل کیا جائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ منشیات فروشی اور اسمگلنگ میں ملوث بڑی مچھلیوں کو پابند سلاسل کرنے کیلئے دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ بروقت انفارمیشن شئیرنگ اور باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے.

تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کو پابند سلاسل کرکے اس لعنت کا جڑسے خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں لاہور پولیس کے پیشہ ورانہ امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔