اوپن یونیورسٹی کے 2 ڈینز تعینات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اوپن یونیورسٹی کے 2 ڈینز تعینات کردئیے

اسلام آباد (لاہور نامہ)صدر پاکستان، ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر حسن رضا کو ڈین کلیہ سماجی علوم اور پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد کو ڈین کلیہ سائنسسز تعینات کردئیے ہیں۔

وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے اِس ضمن میں گذشتہ روز یونیورسٹی کو ایک لیٹر کے ذریعے دونوں ڈینز کی تعیناتی کے احکامات ارسال کئے۔

واضح رہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ایکٹ کے مطابق صدر پاکستان اس وفاقی یونیورسٹی کا چانسلر ہوتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین رضا یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے چئیرمین ہیں جبکہ پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد شعبہ شماریات کے چئیرمین کے طور پر طویل عرصے سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

دونوں سینئر ترین پروفیسروں کی تعیناتی کے عمل پر یونیورسٹی کے اساتذہ خصوصاً اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کو خراج تحسین پیش کیا اوروائس چانسلر کی میرٹ کی پالیسی کو شاندار الفاظ میں سراہا ہے۔

دونوں ڈینز نے نئی ذمہ داریوں کا چارج سنبھالنے کے بعد اِس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ یونیورسٹی انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ ملکر یونیورسٹی کی بھرپور خدمت کریں گے۔

وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے نئے تعینات کئے گئے دونوں ڈینزکو مبارکباد دیتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ اُن کی زیر سرپرستی فیکلٹی ممبران جامعہ کی ترقی اور نصابات کو عہد حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے مزید محنت کریں گے۔