لاہور (لاہور نامہ) بینک الفلاح اور پاکستان میں نجی اسکولوں کے نیٹ ورک میں شامل ایک بڑے اسکول بیکن ہاﺅس گروپ نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت بیکن ہاﺅس اسکول سسٹم کے ملازمین اپنے مالی مسائل کے حل کیلئے بینک سے قرضہ حاصل کر سکیں گے۔
اس معاہدے کا مقصد بینک الفلاح کے پاس دستیاب قابل رسائی مالیاتی حل بیکن ہاﺅس گروپ کو فراہم کرنا ہے تاکہ گروپ سہولت کے ساتھ اپنی ٹیکنالوجی سے منسلک ضروریات کو پورا کر سکے۔ بیکن ہاﺅس کے اسٹاف کے پاس اس مالی حل کی موجودگی میں ان مشکل حالات میں با آسانی لیپ ٹاپس خریدنے کی سہولت موجود ہو گی ۔
اس معاہدے پر لاہور میں واقع بینک الفلاح کے کنزیومر فائننس سینٹر میں دستخط ہوئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عاطف باجوہ ، گروپ ہیڈ ریٹیل بینکنگ ، مہرین احمد اور ہیڈ آف کنزیومر فائننس ، سید محمد آصف اس تقریب میں بینک کی نمائندگی کر رہے تھے.
جبکہ قاسم قصوری ، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ، علی احمد خان ،چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او ) اور ڈائریکٹر ہیومن ریسورس ، طارق خان بیکن ہاﺅس گروپ کی نمائندگی کر رہے تھے۔
بینک الفلاح کے پریذیڈینٹ اور سی ای او ، عاطف باجوہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ” یہ شراکت ایک تعلق کا آغاز ہے جس میں انشاءاللہ مزید اضافہ ہوگا اور ہم مستقبل میں مزید بینکنگ سہولیات فراہم کریں گے۔
موجود ہ وقت ملک کیلئے ایک مشکل دور ہے اور بینکنگ کا شعبہ اپنے کسٹمرز کی مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بینک الفلاح اداروں کو موجودہ حالات سے نبرد آزما ہونے کیلئے زیادہ با اختیار بنا رہا ہے اور ہم بیکن ہاﺅس گروپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔
بیکن ہاﺅس اسکول سسٹم کے سی ای او ، قا سم قصوری ، نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اشتراک 13,500 اساتذہ اور اسٹاف کے لوگوں کو آسان اقساط اور کم شرح سود پر لیپ ٹاپ کی خریداری میں معاونت فراہم کرے گا .
مجھے اعتماد ہے کہ اس اقدام کی بدولت ہم اپنے اساتذہ اور ان کے خاندان والوں کو گھر سے ہی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کریں گے جس کے باعث وہ آن لائن اور ہائبرڈ لرننگ کے عالمی معیار کے پریکٹیشنر بن سکیں گے۔