شاہ محمود قریشی

سیاسی دوکان چمکانے کیلئے اداروں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(لاہور نامہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حزب اختلاف تذبذب کا شکار ہے جبکہ ہم نے آئین کی تشریح کے لیے درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن جمہوریت کا راگ الاپتے رہے ہیں اور دونوں جماعتیں ہی اوپن ووٹنگ کا مطالبہ کرتے رہے ہیں لیکن آج دونوں جماعتیں اپنے وعدوں سے منحرف ہوتے دکھائی دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں آج بھی کرپٹ پریکٹسز کو تحفظ دینا چاہتی ہیں۔ حزب اختلاف تذبذب کا شکار ہے اور کہتے ہیں کہ اوپن بیلٹنگ پر ہمیں ووٹ ملیں گے جبکہ دوسری طرف کہتی ہے کہ ہم عدالت میں جائیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے مفادات ایک طرف ہیں اور ان کی سیاست دوسری طرف۔

ہم نے حزب اختلاف کو مذاکرات کی دعوت دی اور اسپیکر چیمبر میں نشستیں بھی ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے وضاحت کی کہ انہیں بلا وجہ سیاست میں نہ گھسیٹا جائے کیونکہ کچھ عناصر اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لیے اداروں کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کوہ پیماں کی تلاش کے لیے پاک فوج اور حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ آئس لینڈ وزیر خارجہ سے بات ہوئی تھی ہم انہیں بھی باخبر رکھے ہوئے ہیں، بد قسمتی سے جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے ہم ناامیدی کی طرف جا رہے ہیں۔