لاہور (لاہور نامہ) سارک چیمبر آف کامرس کے صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ملٹی بلین ڈالر منصوبے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا قیام وقت کی ضرورت ہے اس سے غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے علاوہ ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔
اتوار کو یہاں مسلم خان بنوری کی سربراہی میں سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کے وسط میں واقع اس بہترین منصوبے میں سرمایہ کاروں کو اپنے بزنس شروع کرنے کے لئے بہترین مراعاتی پیکیج دیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لئے ماسٹر پلان بھی تیار کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا منصوبہ ایک چھت تلے تجارتی سرگرمیوں کے جدید تصور اور عالمی معیار کے کاروباری مراکز کا عکاس ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 300 ایکٹر پر محیط یہ پرجیکٹ سرمایہ کاروں کی کاروباری ضروریات کو پورا کرے گا۔ افتخار علی ملک نے کارپوریٹ سیکٹر پر زور دیا کہ وہ آگے آئے اور محفوظ سرمایہ کاری کے بہترین موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس منصوبے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور انہوں نے ہدایت کی ہے کہ انہیں ہر ماہ ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم راوی ریور فرنٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے منصوبوں کو بہت اہمیت دے رہیں ہیں،
یہ منصوبے اقتصادی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اگر غیر متنازعہ بزنس لیڈرز کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کریں تو اس کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔