اسلام آباد (لاہورنامہ)عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس (کل) بدھ کو اسلام آباد میں ہوگا ۔
چیئر مین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد کے مطابق عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ عید الفطر کے چاند کیلئے پورے ملک سے شہادتیں اکٹھی کی جائیں گی اور حتمی اعلان موصول شہادتوں کے مطابق کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ عید 14 مئی بروز جمعہ ہو گی، جس کا اعلان رویتِ ہلال کمیٹی کریگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ عید کا حتمی اعلان رویتِ ہلال کمیٹی نے کرنا ہے تاہم وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے بنائے گئے کیلنڈر اور رویت ایپ کے مطابق چاند 13 مئی کو نظر آ جائے گا ،عید 14 مئی کو ہو گی۔