لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر اعجاز چوہدری سے ان کی رہائشگا ہ پر ملاقات کی۔
اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوںرہنمائوں نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس معاملے میں اپنی بھرپور سفارتی کوششیں جاری رکھے گا ۔
اعجاز چوہدری نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان نے سابقہ ادوار کے بیگاڑ کو سدھارنے کیلئے دن رات کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اصلاحات کے ذریعے ترقی کی جانب پیشرفت بھی جاری ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ معیشت کو ترقی دینے والے تمام اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، کورونا وباء کے باوجود پاکستان کی برآمدات اورریو نیو اضافہ ہوا ہے ،اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کی وجہ سے ترسیلات زر کے گزشتہ مالی سال کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کو اپنے سیاسی مفادات عزیز تھے اس لئے صرف ڈھنگ ٹپائو پالیسیوں پر اکتفا کیا گیا جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی سیاست کو پس پشت ڈالتے ہوئے ملک و قوم کے مفاد کو ترجیح دی اور اصلاحات جیسے مشکل ہدف کا تعین کر کے اس کے حصول کیلئے پیشرفت کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اصلاحات پر مبنی اقدامات ملک و قوم کی ترقی کی بنیاد ثابت ہوں گے اور انشا اللہ آئندہ بھی حکومت میں آکر ان اقدامات کو آگے بڑھائیں گے۔