لاہور( لاہورنامہ)مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کی ملکیتی رمضان شوگر ملز نے ایف بی آر ٹیکس آڈٹ کا نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
رمضان شوگر ملز کی جانب سے دائر درخواست میں چیئرمین ایف بی آر، چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف بی آر نے 21 مئی کو 2015 کے ٹیکس آڈٹ کیلئے اظہار وجوہ کا نوٹس بھجوایا ہے،
نوٹس میں 1 ارب 93 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار روپے کی ٹرانزیکشن کی وضاحت مانگی گئی ہے۔ایف بی آر نوٹس پر تمام دستاویزات اور ریکارڈ بھی فراہمی پرکمشنر ان لینڈ ریونیو نے 21 مئی کو نوٹس واپس لے لیا تھا، ڈپٹی کمشنر آڈٹ نے مالیاتی ہدف حاصل کرنے کیلئے 21 مئی کو بدنیتی کی بنیاد پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
2015 کے آڈٹ نوٹس واپس ہونے کے بعد دوبارہ اظہار وجوہ نوٹس جاری کرنا آئین اور ٹیکس آرڈیننس کی خلاف ورزی ہے۔ایف بی آر رمضان شوگر ملز سے زبردستی اور غیر قانونی طور پر ٹیکس کی مد میں رقم کا مطالبہ کر رہا ہے۔
ایف بی آر کے ڈپٹی کمشنر آڈٹ نے اپنے اختیار کا ناجائز استعمال کر کے رمضان شوگر ملز کو اظہار وجوہ کا نوٹس بھجوایا ۔استدعا ہے کہ رمضان شوگر ملز کو ٹیکس آڈٹ کا بھجوایا گیا نوٹس غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔مزید استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک ایف بی آر کو رمضان شوگر ملز کیخلاف تادیبی کارروائی سے بھی روکا جائے۔