لاہور(لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پرحکومت نے کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کی پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے او راس ضمن میں وزیر اعلی عثمان بزدارنے پالیسی کو آئندہ چند روز میں حتمی شکل دینے کے لئے ہدایات جاری کردی .
پالیسی کے ذریعے چین کے سرمایہ کارو ں کو کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کے لئے اراضی دی جا سکے گی ـ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی کے لئے جدید خطوط پر منفرد انداز میں کام کریں گے ـ
زرعی شعبے کی خوشحالی سے صوبے کی معیشت مضبوط ہو گی ـ بیج کے اعلیٰ معیار کیلئے ریسرچ پر فوکس کیا جائے گاـ فوڈ سیکورٹی کے لئے کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے ـ فیصل آباد کے سپیشل اکنامک زون میں چین کے سرمایہ کاروں کے لئے ہرطرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ـ کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ میں بھی چینی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے ـ
سی پیک سے خطے میں معاشی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک گیم چینجرہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہواـچائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے اجلاس میں شرکت کی .
اجلاس میں کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کے لئے پالیسی کا جائزہ لیا گیاـ مشیرڈاکٹر سلمان شاہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری زراعت، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئےـ