این ٹی ڈی سی

این ٹی ڈی سی ملک بھر میں500/220کے وی گرڈ سٹیشنز پر 1 لاکھ پودے لگائے گی

لاہور (لاہورنامہ) وزیراعظم کے اقدام ’’کلین اینڈ گرین پاکستان‘‘ (Clean & Green Pakistan) کے تحت نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) اپنے 500 کے وی اور 220 کے وی گرڈسٹیشنز پر 1 لاکھ پودے لگائے گی۔

اس سلسلے میں زیرتعمیر 500 کے وی گرڈ سٹیشن فیصل آباد ویسٹ میں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر محمد ایوب نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔

اس موقع پر انجینئر محمد ایوب نے کہا کہ این ٹی ڈی سی ملک بھر میں گرڈ سٹیشنز پر پودے لگائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور ملکی اداروں کی بھرپور کاوشوں سے ماحولیاتی تبدیلی، گلوبل وارمنگ اور گرین ہائوس گیسز کے خطرات سے نمٹا جاسکتا ہے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

شجرکاری سے نئے گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیرسے متعلقہ علاقوں میں ماحولیاتی اثرات میں کمی آئے گی ۔

بعدازاں زیرتعمیر منصوبے کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر محمد ایوب نے کہا کہ 90 ایکڑ اراضی پر مشتمل 500کے وی گرڈ سٹیشن ویسٹ فیصل آباد کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔

اس گرڈ سٹیشن پر 750 ایم وی اے کے 2 ٹرانسفارمرز جبکہ 250 ایم وی اے کے 3 ٹرانسفارمرز نصب کئے جائیں گے۔ گرڈ سٹیشن پر تقریباً 9379 ملین روپے آئے گی جبکہ این ٹی ڈی سی نے اس سے متعلقہ 500 کے وی ٹرانسمیشن لائنز پہلے ہی مکمل کر لی ہیں۔

اس کی تکمیل سے متعلقہ علاقو ں کی بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کیلئے یہ منصوبہ اہم کردار ادا کرے گا اور اس سے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے گھریلو، صنعتی ، تجارتی اور زرعی صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔