لاہور( لاہورنامہ) ترجما ن پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوام کے شدید رد عمل کے بعد نواز شریف اور مریم صفدرکو ہر صورت اپنے منفی بیانیے سے پیچھے ہٹنا پڑے گا،
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا تحریک انصاف سے کوئی مقابلہ نہیں بلکہ اب دونوں جماعتیں ایک دوسرے کو پچھاڑنے کیلئے کوشاں ہیں،بلاول زرداری اور مریم صفدر کی صورت میں کرپشن کا نیا ”ورژن” متعارف کرانے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سیاسی یتیموں کا ٹولہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں در بدر ہونے کے بعد اب دھاندلی کا واویلا کر رہا ہے ،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت زمینی حقائق سے آگاہ تھی اور دھاندلی کا شورصرف اپنی ناکامی کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے کئی دہائیوں تک اقتدار پر قابض ہونے کی وجہ سے نظام کو اپنے مرہون منت کیا ہوا تھا لیکن اب ملک میں شفاف حکومت ہے اورانتظامی امورکے ادارے آئین و قانون کے مطابق کردار ادا کر رہے ہیں جو اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہا اور ان اداروں پر بھی بے بنیاد الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) والے نوشتہ دیوار پڑھ لیں2023 کے عام انتخابات کے نتائج بھی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نتائج سے مختلف نہیں ہوں گے ۔