کراچی(لاہورنامہ) جے ایس بینک فراڈ کیس میں عدالت نے ملزمان کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق جے ایس بینک کی 2 برانچز میں سونے اور رقم کے فراڈ سے متعلق کیس میں تحقیقاتی ٹیم نے گرفتار ملزمان کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تحقیقاتی ٹیم جلد ملزمان کے بینک اکانٹس کی بندش کے لیے اسٹیٹ بینک کو خط لکھے گی۔ تفتیشی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ ملزمان کی بینک ٹرانزکشنز کی تفصیلات سامنے لائی جائیں گی اور جن افراد کے شناختی کارڈز پر بینک سے قرضہ لیا گیا ہے ان سے بھی تحقیقات کی جائے گی۔
تفتیشی حکام کے مطابق پولیس کی تحقیقاتی ٹیم گرفتار ملزمان کی پراپرٹی سمیت دیگر اثاثوں کی جانچ پڑتال کرے گی۔ ایسٹ زون انویسٹی گیشن پولیس آج گرفتار ملزمان کو بینکنگ کورٹ میں پیش کرے گی اور عدالت سے ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی جائے گی۔
دو مقدمات میں اب تک 6 بینک ملازمین سمیت 10 ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں جبکہ جے ایس بینک میں فراڈ کا معاملہ 2 اگست کو آڈٹ کے دوران سامنے آیا تھا۔