میاں اسلم اقبال

بزدار حکومت صحت، تعلیم اور ترقی کا حق ہر شہری کو دے رہی ہے،میاں اسلم اقبال

لاہور (لاہورنامہ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہر، قصبہ اور گاوں میں ترقی کا عمل جاری ہے اور بزدار حکومت صحت، تعلیم اور ترقی کا حق ہر شہری کو دے رہی ہے، ذاتی تشہیر کی بجائے عوام کی ضروریات کے مطابق سکیمیں مکمل کی جارہی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے سے جو راحت ملتی ہے اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دم میں دم ہے، عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔صوبائی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 3سال مکمل ہونے پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے 3سال میں عوامی فلاح کے ایسے منصوبے مکمل کئے بھی جو مخالفین برسوں نہ کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن شور مچاتی رہی اور ہم عوام کی خدمت کرتے رہے۔

عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ غریب عوام کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرنے والی اپوزیشن کا کوئی مستقبل نہیں۔2023 کے عام انتخابات میں شکست عوام دشمن کرپٹ ٹولے کا مقدر ہے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صوبائی حکومت کی درست معاشی حکمت عملی سے اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری بڑھی ہے۔پنجاب میں نئے صنعتی یونٹس لگنے سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری میں فروغ کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔