اسلام آباد : رواں مالی سال 2018-19ءمیں جولائی تا جنوری کے دوران دالوں کی ملکی درآمدات میں 3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں جولائی تا جنوری 2018-19ءکے دوران دالوں کی درآمدات کا حجم 324.396 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا جنوری 2017-18ءکے دوران درآمدات کا حجم 315.448 ملین ڈالر رہا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران دالوں کی درآمدات میں 8.948 ملین ڈالر یعنی تین فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق بالحاظ وزن رواں مالی سال کے دوران دالوں کی درآمد میں 38 فیصداضافہ ہونے سے درآمدات 4 لاکھ 8 ہزار 975 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 5 لاکھ 63 ہزار 35 میٹرک ٹن تک بڑھ گئیں اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران ایک لاکھ 54 ہزار 60 میٹرک ٹن زائد دالیں برآمد کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنوری 2019ءکے دوران دالوں کی ملکی درآمدات میں 20 فیصد یعنی 8.976 ملین ڈالر کی کمی سے درآمدات 45.545 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 36.569 ملین ڈالر تک کم ہو گئی ہیں جبکہ بالحاظ وزن بھی جنوری 2019ءمیں درآمدات میں 18 فیصد کمی سے درآمدات 68 ہزار 531 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 56ہزار 356 میٹرک ٹن تک کم ہو گئیں۔
Load/Hide Comments