اسلام آ باد (لاہورنامہ) وزیرریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ جدید دور میں ریلوے کو پرانے آلات سے چلایا جا رہا ہے، شفافیت کو یقینی بنائیں گے ،
گارنٹی دیتا ہوں کہ شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ، ریلوے کے ہسپتال دیکھ کر رونا آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کے ہسپتالوں کی توسیع، بحالی ، اپ گریڈیشن کے حوالے سے روڈ شو کا انعقاد کیا گیا۔
وفاقی وزیرریلوے اعظم سواتی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل سلطان تقریب میں شریک ہوئے۔ اس مو قع پر وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریلوے میں بہت سی قیمتی پراپرٹی موجود ہے، ہم اس وقت ٹرینیں چلا لیں تو بڑی بات ہو گی۔
انہوں نے کہاکہ ہم ریلوے کے ہسپتالوں کو آٹ سورس کر رہے ہیں ، جدید دور میں ریلوے کو پرانے آلات سے چلایا جا رہا ہے ، ہمیں کل سمن اچانک آ گئے ہیں، جتنے سرمایہ کار آئے ہیں واضح کر دوں کہ شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ گارنٹی دیتا ہوں کہ شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، جب سے ریلوے کا وزیر بنا وزیراعظم کے دئیے ہوئے ٹاسک پر کام کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہاکہ ہیلتھ کا نہیں پتا کس طرح پروموٹ کیا جاتا ہے، ریلوے کے ہسپتال دیکھ کر رونا آگیا تھا۔