لاہور( لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف جعلی کاروائیاں کرنے میں مصروف ہے،
پہلی حکومت ہے جس نے محنت کر کے ملک کو ترقی پذیر بنانے کے بجائے زوال پذیر بنا دیا، آج کے دور میں غریب عوام کیلئے روٹی کا حصول مشکل ہوگیا،حکومت شکست کے خوف سے جلدی بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گی،امید ہے جاوید لطیف جلد اپنا جواب پارٹی کوجمع کرائیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر یہ حکومت ایک سال اور رہی تو پاکستان کو مزید پیچھے لے جائے گی ، عوام اور سیاسی جماعتیں اس حکومت کے خلاف میدان میں آئیں ،تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کے خلاف میدان میں آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ زکے انتخابات میں دھاندلی ہوئی، انتخابات کے دوران ہر حلقے میں ترقیاتی کام ہوتے رہے، حکومت نے بھرپور طریقے سے اپنے امیدواروں کو کنٹونمنٹ بورڈ زمیں ترقیاتی فنڈز دیئے۔بلدیاتی انتخابات سے سیاسی اثرات اس طرح سے مرتب نہیں ہوتے جیسے عام انتخابات میں ہوتے ہیں، حکومت کیلئے بلدیاتی انتخابات جیتنا مشکل ہوگا، حکومت شکست کے خو ف سے جلد بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گی۔
انہوں نے کہاکہ جاوید لطیف سے پارٹی نے پوچھا ہے کہ انہوں نے بات کس سیاق و سباق میں کی، امید ہے جاوید لطیف جلد اپنا جواب پارٹی کو جمع کرا دیں گے۔انہوں نے کہاکہ ججز کو کہاں بٹھا دیا گیا ہے ،عدالتوں کو کسی بہتر جگہ پر بنایا جائے ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اس بات کا نوٹس لیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نہ صرف اپوزیشن کے خلاف جعلی کاروائیاں کرنے میں مصروف ہے بلکہ یہ حکومت ملک کے خلاف کام کر رہی ہے ،حکومت نے ملک کی خارجہ پالیسی کا بیڑا غرق کر دیا ۔