ڈینگی تشویشناک

ملک بھر میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ،صورتحال خطرناک

اسلام آباد (لاہورنامہ)ملک بھر میں ڈینگی تشویشناک صورتحال اختیار کرنے لگی ، اسلام آباد میں مزید30 شہری ، خیبر پختونخوا میں اب تک ڈینگی کے 919 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی سے مزید ایک شخص انتقال کرگیا ہے اور یہاں 24 گھنٹوں میں مزید30 شہری ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں، مجموعی طور پر 207 مریض اس سے متاثر ہوئے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے مطابق ڈینگی سے انتقال کرنے والا شخص جی 12 کا رہائشی تھا،انہوں نے بتایا کہ ڈینگی سے گزشتہ 10 روز میں 3 شہری انتقال کر چکے ہیں۔

ڈی ایچ اونے بتایا کہ اسلام آباد میں گزشتہ 5 روز میں 155 شہری ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ( ایچ ایم سی) انتظامیہ کے مطابق 136 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 528 ٹیسٹ کیے گئے۔ایچ ایم سی انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں ڈینگی کے 10 مریض زیر علاج ہیں،

خیبر ٹیچنگ ہسپتال ( کے ٹی ایچ) میں 110 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور وہاں ڈینگی کے 22 مریض زیر علاج ہیں۔دوسری جانب لاہور میں بھی بڑی تعداد میں ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔