لاہور(لاہورنامہ) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر انقلابی لیڈر بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،
مسلم لیگ(ن) چوری کھانے والی جماعت ہے اس کی قیادت نے کبھی عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد نہیں کی ،یہ لندن کے فیصلے پر خوشیاں تو منا رہے ہیں لیکن ان کے چہرے کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہاکہ اپنے منہ میاں مٹھو بننا لیگیوں کا پرانا وطیرہ ہے ، جب مریم نواز نے مبارکباد دیتے ہوئے انٹر نیشنل صادق اور امین کہا تو یہ بات شہباز شریف کو بھی ہضم نہیں ہوئی اور وہ مریم صفدر سے ہاتھ چھڑوا کر وہاں سے نکل گئے ۔
شریف فیملی کی ” ٹی ٹیز مارکہ ” سیاست قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے ،شہباز شریف فیملی کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے ثبوتوںکے بکسے عدالت میں پیش کئے جا چکے ہیں لیکن یہ پھر بھی شرمندہ نہیں ہوتے ۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو قوم کو اتنا درد ہے تو پاکستان واپس آئیں اور جدوجہد کریں لیکن وہ ٹھنڈے ماحول میں بیٹھ کر انقلابی لیڈر بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ، نواز شریف دوبارہ اقتدار ملنے کی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں جو اب کبھی پوری نہیں ہوں گی۔