عظمی بخاری

اس وقت ملک میں خان بابا اور اس کے 40 چور مسلط ہیں،عظمی بخاری

لاہور (لاہورنامہ) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت پاکستان کا سلطانہ ڈاکو ثابت ہوا ہے۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے ترجمان پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں خان بابا اور اس کے 40 چور مسلط ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اصل سسلین مافیا اورجعلی صادق و امین اب بے نقاب ہوئے ہیں ، نئے پاکستان والوں کا غیرت اور اخلاقیات سے کوئی تعلق نہیں ، اگر عمران خان میں تھوڑی سی بھی غیرت باقی ہے تو قوم کی جان چھوڑ دیں ۔ نوازشریف سے استعفی مانگنے والا شخص آج ڈھٹائی سے کرسی پر براجمان ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں، عمران نیازی چوروں کا سرغنہ ہے، پنڈورا لیکس نے بھی ہمارے موقف کی ہی تصدیق کی ہے۔ عظمی بخاری نے کہاکہ اخلاقیات کا تقاضہ یہی ہے کہ شوکت ترین، مونس الہی، فیصل واوڈا، خسرو بختیار اور علیم خان مستعفی ہو جائیں ، چور،چور کی گردان کرنے والے خود چوروں کے سردار نکلے ہیں، پاکستانی قوم اب جاگ چکی ہے،

قوم کی دولت لوٹنے والوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا، اب عمران خان اور اس کے مافیا کو بھاگنے نہیں دینگے، سب چور جلد اڈیالہ جیل میں ہونگے۔