لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے سینے میں پلنے والی خواہشیں کبھی پوری نہیں ہوںگی بلکہ یہ ان کیلئے روگ بن جائیںگی ،
قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہر زہ سرائی پرمسلم لیگ(ن) کے اندر واضح پھوٹ ہے اور اکثریت منفی بیان بازی سے قطعی لا تعلق ہے،پی ڈی ایم کی سیاسی مشقیں اس کے کسی کام نہیں آئیں گی ۔اپوزیشن بتائے ملک وقوم کودرپیش چیلنجز اورافغانستان کی گھمبیر صورتحال میں اس نے سوائے مایوسی پھیلانے کے کیا کرداراداکیاہے ؟۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو مافیاز سے چھٹکارا مل رہا ہے اور انشا اللہ انہیں دوبارہ مسلط نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ وزیر اعظم عمران خان انتہائی جرات سے مشکلات اور چیلنجز کا مقابلہ کر رہے ہیں اور حکومت بہت جلد ملک کو بھنور سے نکال لے گی،ملک کی قسمت کو کھوٹا کرنے کیلئے تدبیریں کرنے والوںکی رہی سہی سیاست کابھی جنازہ نکل جائے گا۔