لاہور(لاہورنامہ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد کے توسیعی منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا افتتاح کردیا-توسیعی منصوبے کے تحت ہسپتال میں بیڈز کی تعداد 25سے بڑھا کر 60کردی جائے گی-
ہسپتال میں پیڈزنرسری اور ڈائلسز کی سہولت بھی فراہم ہوگی-توسیعی منصوبہ 7کروڑ 5 لاکھ روپے کی لاگت سے 24ماہ میں مکمل ہوگا- صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے توسیعی منصوبے کے تعمیراتی کاموں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی پہلی ترجیح ہے-
یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت پنجاب کی 100فیصد آبادی کو علاج کی معیاری سہولتیں مفت دیں گے-ہیلتھ انشورنس کا یہ انقلابی پروگرام جدید ہیلتھ کئر سسٹم کے قیام میں سنگ میل ثابت ہوگا- انہوں نے کہا کہ صوبے میں کروڑوں روپے کی لاگت سے جدید طبی سہولتوں سے آراستہ نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں -سمن آباد ہسپتال کے توسیعی منصوبے سے علاقے کے عوام کو بہتر طبی سہولیات ملیں گی- انہوں نے کہا کہ میں نے گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد کی بنیاد 60 بستروں کے ہسپتال کے طور پر رکھی تھی.
بدقسمتی سے ماضی کی حکومت نے اسے 25 بستروں تک محدود کردیا- اب دوبارہ توسیعی منصوبے کے تحت ہسپتال میں بستروں کی تعداد 60 تک بڑھائی جارہی ہے -ہسپتال کے ڈاکٹروں اور نرسوں کے لئے رہائش گاہیں بھی بنائیں گے- میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے-صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا -ایم ایس گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد ڈاکٹر ادریس،پی ایچ ایف ایم سی کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔