کرسمس کی مبارکباد

عوامی تحریک کے رہنماؤں نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے کرسمس کی مبارکباد دی

لاہور(لاہورنامہ)ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل رضا کی قیادت میں پاکستان عوامی تحریک کے وفد نے کرسمس کی تقریب میں ماڈیریٹر سینٹ پال چرچ میں شرکت کی۔

وفد میں پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے صدر اظہر اعوان، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، راجہ اظہر،ضلعی نائب صدررضا ملک، عبدالحق و دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر ایاز محمود لاشاری زونل ایڈمنسٹریٹر محکمہ اوقاف بھی موجود تھے۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے ریورنڈ ڈاکٹر سیمو ئیل ٹائٹس کی خصوصی دعوت پر کرسمس تقریب میں شرکت کی۔

پاکستان عوامی تحریک کے قائدین نے ریورنڈ ڈاکٹر سیمو ئیل ٹائٹس کوپھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور کرسمس کی مبارک دی،تقریب سے سہیل رضا،ایاز محمود لاشاری،ملک اظہر اعوان، غلام علی خان و دیگر نے خطاب کیا،ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرسمس سے امن، محبت اوررواداری کا پیغام ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم مسیحی ٰ تعلقات کی بنیاد خود نبی آخرالزاماں حضرت محمدمصطفے ﷺ آج سے 1400سال پہلے رکھی تھی،حضور اکرم ؐ نے مسلمانوں کا پہلا وفد ایک مسیحی ریاست کے سربراہ نجاشی کے پاس بھیج کر مسلم مسیحی اتحاد کی بنیاد رکھی،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی مسیحی رہنما دیوان بہادر ایس پی سیگا جو اس وقت پنجاب اسمبلی کے سپیکر اسمبلی تھے انہوں نے پاکستان کے حق میں ووٹ دے کر پنجاب کو پاکستان کا حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا،

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کا ملکی ترقی میں اہم کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے،خواہ وہ تعلیم کا شعبہ ہو،صحت کا ہو یا افواج پاکستان میں خدمات ہوں،پاکستان کے دفاع میں بھی مسیحی برادری کا کلیدی کردار ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ مسلم مسیحی تعلقات عالمی امن کے لئے ناگزیر ہیں،ہم مل کروطن عزیز کو ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒنے دیکھا تھا، قائد تحریک منہاج القرآن شیخ السلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قائد اعظم کے حقیقی پاکستان کے لئے عملی طور پر کوشاں ہیں،

انہوں نے کہا کہ مسلم مسیحی اتحاد کے ذریعے وطن عزیز کی تعمیرو ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام دیگر مذاہب کے ساتھ رواداری اور محبت کا درس دیتا ہے۔اسلام،امن سلامتی اور محبت کی بات کرتا ہے۔