عظمیٰ بخاری

کنٹونمنٹ بورڈ کی طرح بلدیاتی الیکشن میں بھی تحریک انصاف کو تاریخی مار پڑے گی

لاہور(لاہورنامہ)مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان دھندلی کے جتنے حربے استعمال کرسکتے تھے کرچکے اب صرف ”شیر“کا نشان ہی جیت کا نشان ہوگا۔

کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کی طرح بلدیاتی الیکشن میں بھی تحریک انصاف کو تاریخی مار پڑے گی۔بزدار حکومت دو سال سے ہمارا لوکل گورنمنٹ بل، ہمارا لوکل گورنمنٹ بل کا واویلا کررہی ہے۔پنجاب کے 35وزراءاور 10ترجمان اپنی اپنی ترامیم لاچکے ہیں ۔گورنر پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی اپنی الگ سے ترامیم شامل کرچکے ہیں۔

بدقسمتی ہے صوبے کے چیف ایگزیکٹیو اپنی ترمیم ہر کابینہ اجلاس میں لے کر جاتے ہیں انکو کوئی پوچھتا نہیں۔مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا حکومتی وزراءکی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہادو سال میں پنجاب حکومت اپنے ہی لوکل گورنمنٹ بل میں 37ترامیم کرچکی ہے۔الیکشن کمیشن تاحال پنجاب حکومت کے جعلی بلدیاتی نظام سے اتفاق نہیں کررہا۔

پنجاب کے 58ہزار بلدیاتی نمائندوں کے حق پر ڈاکہ مارنے والے آج کس منہ سے جمہوریت کے چمپئین بن رہے ہیں۔تحریک انصاف کو بلدیاتی الیکشن کےلئے امیدوار نہیں مل رہے۔پنجاب میں کوئی بھی شخص پی ٹی آئی کے ٹکٹ کی بجائے آزاد الیکشن لڑنے کو ترجیحی دے رہے ہیں۔

سندھ میں تحریک انصاف نے بلدیاتی ایکٹ پر اودھم مچارہا ہے لیکن پنجاب کی خبر نہیں ہے۔جس دن پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہواعمران خان اور پی ٹی آئی کو اپنی عوامی دشمن حکومت کا اندازہ ہو جائے گا۔