عثمان بزدار

اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہوچکی ہے، عثمان بزدار

لاہور (لاہورنامہ) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک کو کنگال کرنے والوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست کی جارہی ہے، اپوزیشن کی صفوں میں انتشار ہے، مسترد شدہ عناصر محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کیلئے تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ قوم کو ماضی کی لوٹ مار کا دور نہیں بھولا، الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلود گریبانوں میں جھانکیں، ملک کو کنگال کرنے والوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہوچکی ہے۔

انکا کہنا ہے کہ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گز رچکا ہے، سابق دور میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دی گئی۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے نبھا رہی ہے، حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عملا اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی صورت میں پاکستان کو کھرا اور مخلص لیڈر ملا ہے، 3برس کے دوران وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برس ہا برس نہ کر سکیں، ترقی کے سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔