لاہور (لاہورنامہ) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام کرسمس پولو کپ 2021ء کے دوسرے دن دو اہم میچز کھیلے گئے جن میں شیروڈ اور نون پولو ٹیم فاتح رہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں پولو کپ کا فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں اور فیملیز کی اچھی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کے آفیشلز کے ساتھ سابق جسٹس خلیل الرحمان رمدے، مصطفی رمدے اور پوری فیملی، عبدالحئی مہتہ اور پوری فیملی اور تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پہلے میچ میں شیروڈ فارم نے ویسٹ بسٹرز کی ٹیم کو 5-3.5 سے ہرا دیا۔ شیروڈ فارم کی طرف سے ابراہیم شیخ اور عمر اسجد ملہی نے دو دو جبکہ مصطفی عزیز نے ایک گول سکور کیا۔ ویسٹ بسٹرز کی طرف سے راجہ جلال ارسلان نے دو جبکہ علیم ٹوانہ نے ایک گول سکور کیا۔دوسرا میچ تین ٹیموں کے درمیان دو دو چکرز کا کھیلا گیا جس میں تینوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیتا بہترین گول اوسط پر ٹیم نون پولو فاتح رہی۔
پہلے میچ میں ٹیم پولو لاؤنج نے حئی سکواڈ کو 3-2 سے ہرایا، حئی سکواڈ کو ایک گول کا ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج بھی حاصل تھا۔ دوسرے میچ میں حئی سکواڈ نے نون پولو کو 4.5-4 سے ہرا دیا۔ حئی سکواڈ کو آدھے گول کا ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ تیسرے میچ میں نون پولو ٹیم نے پولو لاؤنج کو 5.5-2 سے ہرا دیا۔ آج بروز جمعرات پہلے میچ پول بی سے ہارنے والی ٹیموں کا دوپہر ایک بجے اور جیتنے والی ٹیموں کا میچ اڑھائی بجے ہوگا۔