اسلام آباد :ملک میں پہلی مرتبہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے شعبہ ( ایس ایم ایز) کو 500 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔ گزشتہ سال 2018ءکے دوران شعبہ کو تاریخی 513 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے ہیں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق سال 2017ءکے دوران ایس ایم ایز کو 450 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے تھے۔ اس طرح سال 2017ءکے مقابلہ میں گزشتہ سال 2018ءکے دوران بینکوں اور مالیاتی اداورں کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے شعبہ کو 63 ارب روپے کے زائد قرضہ جات فراہم کئے گئے ہیں اس طرح سال 2017ءکے مقابلہ میں سال 2018ءکے دوران ایس ایم ایز کے شعبہ کو 14 فیصد زائد قرے فراہم کئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سال 2018ءکی آخری ششماہی میں جولائی تا دسمبر کے دوران قرضوں کے اجراءمیں 25 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس ایم ایز کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں اضافہ سے شعبہ کے مسائل کے خاتمہ سے ان کی کارکردگی میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے جس سے نہ صرف ملک میں کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کا فروغ ہو گا بلکہ اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرکے بے روز گاری کی شرح بھی کم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایس ایم ای کا شعبہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار کا حامل شعبہ ہے اور اس کی ترقی قومی برآمدات کے اضافہ میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
Load/Hide Comments