جیولری

الیکٹریکل مشینری و آلات کی درآمدات میں 17 فیصد کمی

اسلام آباد : رواں مالی سال 2018-19ءکے ابتدائی 7 مہینوں میں جولائی تا جنوری کے دوران الیکٹریکل مشینری و آلات کی ملکی درآمدات میں 17 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا جنوری کے دوران الیکٹریکل مشینری و آلات کی درآمدات 1.044 ارب ڈالر تک کم ہو گئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران درآمدات کا حجم 1.254 ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران الیکٹریکل مشینری وآلات کی قومی درآمدات میں 17 فیصد یعنی 210.051 ملین ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پی بی ایس کے مطابق جنوری 2019ءکے دوران درآمدات میں 10 فیصد کی کمی سے درآمدی حجم 179.613 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 17.754 ملین ڈالر کی کمی سے 161.1859 ملین ڈالر تک کم ہو گئی ہیں۔ اس طرح جاری مالی سال میں جولائی تا جنوری 2018-19ءکے دوران ٹیکسٹائل مشینری کی قومی برآمدات میں بھی 11 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور درآمدات کا حجم 345.340 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 308.608 ملین ڈالر تک کم ہو گیا۔ پی بی ایس کے مطابق جنوری 2019ءکے دوران ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں 1.36 فیصد کی کمی سے درآمدی بل 56.709 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 55.936 ملین ڈالر تک کم ہو گیا ہے۔