شہباز شریف

سیاح اتنی بڑی تعداد میں جا رہے تھے تو حکومت نے کوئی انتظام کیوں نہ کیا، شہباز شریف

لاہور( لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے مری اور گلیات میں برف میں پھنسی گاڑیوں میں اموات پر رنج وغم اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مری اورگلیات میں ٹریفک ،رش میں پھنسی گاڑیوں میں شہریوں کی اموات انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا دردناک واقعہ ہے.

یہ اس حکومت کی انتظامی صلاحیت کا عالم ہے کہ مری اور گلیات میں ٹریفک انتظامات کرنے کے قابل بھی نہیں ،جب حکومت کو پتہ تھا کہ شہری اس قیامت خیز سردی میں پھنسے ہوئے ہیں تو انہیں بچانے اور محفوظ مقامات تک پہنچانے کی کوشش کیوں نہ ہوئی؟

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ایک ہزار گاڑیوں کے انتظام کی بھی صلاحیت نہیں رکھتی تو پھر اسے اقتدار میں رہنے کا کیا اور کیوں حق ہے؟ ،اگر سیاح اتنی بڑی تعداد میں جا رہے تھے تو حکومت کو کیوں پتہ نہ چلا،انتظامیہ کہاں سوئی ہوئی تھی، پیشگی انتظامات کیوں نہ کئے گئے؟۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت رش میں پھنسے اپنے شہریوں کو نہیں بچاسکتی وہ مہنگائی کی دلدل سے عوام کو کیسے نکال سکتی ہے؟

جو حکومت ایک ہزار گاڑیوں کا مسئلہ حل نہیں کرسکتی، وہ ملک کے بڑے اور سنگین مسائل سے کیوں کر نمٹ سکتی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی میں تو اخلاقی جرات نہیں، کم ازکم اس سنگین مجرمانہ غفلت کے ذمہ داروزیراور ماتحتوں کو ہی برخاست کیاجائے ،اس خون ناحق پر کسی کو تو ذمہ دار ٹھہرایا جائے، عوام کے خون پر حکومتی مجرمانہ خاموشی بدترازگناہ کے مترادف ہے ،یہ وفات نہیں شہریوں کے قتل عمد کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت میں اضافے کاحکومتی پراپیگنڈاسفاکی اور سنگ دلی کی انتہاہے ،مغرب کی مثالیں دینے والوں نے تو مشرقی روایات کی بھی لاج نہیں رکھی ،متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتاہوں، ان کے غم میں شریک ہیں ،اللہ تعالی مرحومین کو جواررحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔