راولپنڈی(لاہورنامہ)مری میں متوقع برف باری کے پیش نظر ٹریفک پلان جاری کر دیا جس کے مطابق 268 اہلکار خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق مری میں 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سی ٹی او تیمور خان کے مطابق شام 5بجے سے صبح 5بجے تک سیاحوں کے داخلہ پرمکمل پابندی ہو گی ، مری کے ٹول پلازہ اور داخلی راستوں پرخصوصی پکٹس قائم کی گئی ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے کہاکہ لائسنس ہولڈر ڈرائیور ز کو ہی مری جانے کی اجازت دی جائے گی۔
سی ٹی او کے مطابق ٹول پلازہ اور داخلی راستوں پر سیاحوں میں آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے جائیں گے۔ سی ٹی او راولپنڈی نے کہاکہ سیاح ریڈیو 88.6 اور ٹریفک پولیس کے آفیشلز سوشل میڈیا پیجز سے متعلق آگاہی حاصل کریں۔ چیف ٹریفک آفیسر نے کہاکہ مری میں تقریبا 3500 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے، روڈ پر گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں بنانے سے گریز کریں۔
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے کہاکہ برفباری کے دوران مری آنے والے سیاح مکینکلی طور پر درست گاڑی کا انتخاب کریں۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے کہاکہ مری آتے وقت اپنی گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے کہاکہ موسم کی شدت اور رش کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفرکا انتخاب کریں۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے کہاکہ سخت سردی کے پیش نظر گاڑی میں گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیائ ضرور رکھیں۔سی ٹی او راولپنڈی نے کہاکہ گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کی صورت میں گاڑی کے شیشوں کو مکمل بند نہ کریں۔