بلاول بھٹو زر داری

عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت کا تعلیمی بجٹ کو کم کردینا، افسوسناک ہے،بلاول بھٹو زر داری

اسلام آباد (لاہورنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت کا تعلیمی بجٹ کو جی ڈی پی کے 1.5 فیصد تک کم کردینا، افسوسناک ہے.

تعلیم کے بغیر ہمارے بچوں اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا،ریکارڈ پرائمری اسکول اور غیر رسمی تعلیمی ادارے قائم کرنا بھی پیپلز پارٹی کی حکومتوں کا طرہِ امتیاز ہے،تعلیم کے فروغ کیلئے پیپلز پارٹی حکومتوں نے سب سے زیادہ اعلیٰ تعلیمی ادارے اور کالجز بنائے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ریکارڈ پرائمری اسکول اور غیر رسمی تعلیمی ادارے قائم کرنا بھی پیپلز پارٹی کی حکومتوں کا طرہِ امتیاز ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم پیپلز پارٹی کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے، کیونکہ وہ اس بات میں یقین رکھتی ہے کہ مستقبل ہمارے بچوں اور نوجوانوں کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے بغیر ہمارے بچوں اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے ہر حکومتی دور میں تعلیم کی بجٹ میں اضافہ کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ ملکی تاریخ میں ریکارڈ تعداد میں یونیورسٹیاں اور دیگر ٹیکنیکل تعلیمی ادارے قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ پیشہ ورانہ اور ٹیکنیکل تعلیم بہتر مستقبل کی ضمانت ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے ملکی بجٹ میں تعلیم کا حصہ بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پیپلز پارٹی کی بننے والی حکومت تعلیمی بجٹ میں نمایاں اضافہ کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ تعلیم پر سمجھوتہ کرکے یونیورسٹیوں اور ان سے منسلک اداروں کے بجٹ میں کٹوتی کرنا قوم کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کا رویہ ان حالات میں انتہائی عوام دشمن ہے، جب ایک طرف 5 سے 16 سال کی عمر کے تقریباً 25 ملین بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔انہوں نے کہاکہ دوسری طرف ملک میں غریب اور مراعات یافتہ طبقے کے بچوں میں معیاری تعلیم تک رسائی میں بہت بڑا تفاوت ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے منشور میں شامل ہے کہ ہمیں روایتی نصاب اور تدریسی طریق کار سے آگے بڑھنا ہوگا،ہمیں ایک ایسے تعلیمی نظام کی طرف بڑھںا ہو گا، جو بچوں میں تخلیقی اور تنقیدی نظر کو جِلا بخشے۔ انہوںنے کہاکہ ایک ایسا نظام جو بچوں میں مسائل کو حل کرنے اور فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو پروان چڑھائے۔