لاہور(لاہورنامہ) جماعت اسلامی کے رہنما اور پختون امن جرگہ کے مرکزی صدر ارشد خان بونیر ی نے کہا ہے کہ پختون امن جرگہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں لاہور شہر میں مزدوری کے لئے آئے مزدوروں کی فلاح و بہود کے لئے کام کررہا ہے۔
پختون بھی اتنے ہی محب وطن شہری ہیں جتنے کہ دوسرے صوبوں یا شہروں کے لوگ ہیں۔ لیکن شہر لاہور میں پولیس کی جانب سے پختونوں کے ساتھ امیتازی سلوک کیا جارہا ہے۔ جگہ جگہ تلاشی کے بہانے عزت نفس مجروح کی جاتی ہے۔ بعض اوقات محنت مزدوری سے کمائی ہوئی رقم بھی چھین لی جاتی ہے۔
جس کو پکڑ کر تھانے لے جاتے ہیں لین دین کے بغیر نہیں چھوڑتے۔ اس رویہ کی ہم سخت مزمت کرتے ہیں اور آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور سے مطالبہ کرتے ہیں وہ اس مسلہ کا سخت نوٹس لیں ورنہ ہم آئی جی آفس اور سی سی پی او آفس کے سامنے احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پولیس کی جانب پختونوں کی ناجائز پکڑ دھکڑ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
احتجاجی مظاہرے میں پختون امن جرگہ کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جو پولیس کی جانب سے کی جانے والی زیادتیوں کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ہیں۔