صوبائی وزیر برائے توانائی

صوبائی وزیر برائے توانائی کی زیر صدارت محکمہ توانائی پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ

لاہور(لاہورنامہ) صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹر محمد اختر ملک کی زیر صدارت محکمہ توانائی پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مالی سال 22-2021 کی اے ڈی پی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری توانائی طیب فرید نے محکمہ توانائی کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور اس سلسلے میں مکمل ٹائم فریم کے ساتھ کیلنڈر بناکر منصوبوں پر جاری کام کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے۔

ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا کہ اے ڈی پی سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ انہیں بروقت مکمل کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ توانائی کے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور میرٹ کو ترجیح دی جائے۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ حکومت توانائی کے بحران پر کافی حد تک قابو پا چکی ہے۔اس مقصد کے لیے توانائی کے متبادل ذرائع کی بھرپور تشہیر کی جائے۔تاکہ عوام ان سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں سکولوں،کمشنر افسز،سرکاری دفاتر وغیرہ کوجلد سولر پر منتقل کر دیا جائے گا۔

جس سے توانائی کی بچت اور قوم کا پیسہ دونوں بچیں گے۔ صوبائی وزیر برائے توانائی نے مزید کہا کہ ہم نے ٹیکنیکل سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے سینٹر آف ایکسیلنس بنائے ہیں جہاں انرجی سیکٹر کی ضروریات کے مطابق ٹیکنیکل سٹاف کی ٹریننگ اور تربیت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ جلد الیکٹریکل وہیکل پالیسی منظور ہو جائے گی جس سے توانائی سیکٹر میں پنجاب کی سمت متعین ہو گی۔

صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ محکمہ توانائی کے افسران خود جاری منصوبوں کو دورہ کر کے رپورٹ کریں اور تمام پاور کمپنیاں آئندہ اجلاس میں اپنے منصوبوں کی تکمیل کی تاریخ سے آگاہ کریں اوراس بات کو یقینی بنائیں کہ توانائی کے متبادل منصوبوں کی بروقت تکمیل ہوتاکہ عوام کو بڑا ریلیف مل سکے۔ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ بائیو گیس اور سولر انرجی کے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو بڑا ریلیف ملے گا۔اور جلد وہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہمراہ محکمہ توانائی کے مکمل ہونے والے مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔