ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ

ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا

برج ٹاون : ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ جمعہ کو برج ٹاﺅن میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کو میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل میزبان ٹیم نے انگلش ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم ون ڈے سیریز میں میزبان ٹیم کو بدلہ چکانے کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں انگلینڈ کی ٹیم پہلا میچ جیت چکی ہے، دوسری جانب میزبان ٹیم پہلے میچ ہارنے کے باوجود ون ڈے سیریز جیتنے کے لئے پر امید نظر آرہی ہے۔
اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز میں کانٹے دار مقابلے ہونگے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 25 فروری کو کھیلا جائیگا، چوتھا میچ 27 فروری کو کھیلا جائیگا جبکہ پانچواں اور آخری میچ 2 مارچ کو کھیلا جائیگا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔