عبدالعزیز عابد

غریب عوام پر پٹرول بم کاحملہ ظلم کی انتہاہے، عبدالعزیز عابد

لاہور(لاہورنامہ)جماعت اسلامی کے رہنما اور امیرغربی لاہور عبدالعزیز عابد نے کہا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور مسائل میں الجھی غریب عوام پرپٹرول بم کاحملہ ظلم کی انتہاہے۔

پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیاں، ٹرانسپورٹ کے کرائے،ادویات،ایل پی جی سمیت ہر قسم کی اشیاء ضروریہ میں اضافہ ہو جائے گا۔ جس سونامی کا ذکر عمران خان کرتے رہے وہ مہنگائی کا سونامی تھا جس میں غریب عوام کو غرق کیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم کہتے ہیں کہ پانچ سال بعد دیکھوں گا کہ کتنی مہنگائی ختم ہوئی۔ اگر اس ظالم حکومت کو پانچ سال پورے مل گئے تو مہنگائی تو شاید ختم نا ہو لیکن غریب ضرور ختم ہو جائیں گے۔اللہ کے واسطے ہمیں ہمارے قائد محمد علی جناح کا پرانا پاکستان واپس کردو، ہمیں تمھارا نیا، مہنگا اور مافیا زدہ نیا پاکستان نہیں چاہیئے۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز وحدت روڈپر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں میاں ذکراللہ مجاہد، چوہدری عبد الواحد، حافظ ذوالنون، اظہر منظور آلمانی، راشد چشتی، عاصم خان، محمد آصف چوہدری سمیت جماعت اسلامی کے رہنماؤں و کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

عبدالعیز عابد کا کہنا تھا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور شہریوں کے مسائل حل کئے جائیں ورنہ 27فروری کو ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں احتجاجی دھرنا دیں گے۔