لاہور(لاہورنامہ) معروف تجزیہ نگار، دانشور، کالم نگار اور صحافت کے استاد پروفیسر ڈاکٹر مہدی حسن انتقال کرگئے۔ پروفیسرڈاکٹر مہدی حسن کے خاندانی ذرائع نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
ڈاکٹر مہدی حسن پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے 30سال وابستہ رہے،اس کے علاوہ بھی وہ مختلف تعلیمی اداروں میں درس و تدریس کے فرائض سرانجام دیتے رہے، انہوں نے صحافت سے متعلق کتابیں بھی لکھیں جو جامعات میں پڑھائی جاتی ہیں۔ تقریبا نصف صدی کے دوران کئی معروف صحافی، سیاستدان اور بیوروکریٹ ان کے شاگرد رہے۔
ڈاکٹر مہدی حسن ایک ماہر مبصر و محقق ہونے کے باعث بہترین صحافی تھے اور انہوں نے تقریبا پاکستان کے تمام اہم اخبارات میں کالم لکھے۔ پروفیسرڈاکٹر مہدی حسن ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کے سابق چیئرمین بھی رہے۔