ماسکو پہنچ

وزیراعظم عمران خان ماسکو پہنچ گئے،نائب وزیر خارجہ ایگور مور گولٹو نے استقبال کیا،

ماسکو(لاہورنامہ)وزیراعظم عمران خان روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی خصوصی دعوت پر روس کے 2 روزہ سرکاری دورہ پر ماسکو پہنچ گئے۔

وزیراعظم عمران خان کا بدھ کو یہاں ایئرپورٹ آمد پر روس کے نائب وزیر خارجہ ایگور مور گولٹو نے استقبال کیا ۔ وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

وفاقی وزرا مخدوم شاہ محمود قریشی، چوہدری فواد حسین، اسد عمر، حماد اظہر، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داد، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور عامر محمود کیانی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی خصوصی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان روس کا 2 روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں ۔وزیرِ اعظم عمران خان دو دہائیوں کے بعد پہلے پاکستانی وزیرِ اعظم ہیں جو روس کا دورہ کر رہے ہیں۔

روس کے صدر پیوٹن اور وزیر اعظم کی ملاقات اس دورہ کا اہم ترین جزو ہوگا۔ صدر پیوٹن سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان بین الاقوامی اور خطے کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ملاقات میں روس پاکستان دوطرفہ تعلقات خصوصا توانائی شعبے پر بات چیت ہوگی۔ اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورتحال بھی زیر غور لائی جائے گی۔ وزیراعظم ماسکو میں روس کی سب سے بڑی مسجد و اسلامک سنٹر کا دورہ کریں گے۔وزیراعظم عمران خان سے اہم روسی قیادت بشمول نائب وزیراعظم، روسی سرمایہ کار اور تاجر ملاقاتیں کریں گے ۔وزیر اعظم کا دورہ روس اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔